Procyclidine
(ڈاکٹر سید احمر ایم آر سی سائیک، کنسلٹنٹ سائیکائٹرسٹ، نیوزی لینڈ)
(@ “Mental Health Made Easy” on Facebook, Google sites, and YouTube)
پروسائکلیڈین کن بیماریوں کے علاج کے لئے استعمال کی جاتی ہے؟
- پروسائکلیڈین پارکنسنز کی بیماری (Parkinson’s disease) کے علاج کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔
- سائیکائٹری میں پروسائکلیڈین اینٹی سائیکوٹک دوائیوں سے ہونے والے مضر اثرات یعنی سائیڈ ایفیکٹس کو دور کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔
پروسائکلیڈین ہرگز استعمال نہ کریں اگر؛
- اگر آپ کو پہلے پروسائکلیڈین سے الرجی کا ری ایکشن ہو چکا ہو
پروسائکلیڈین شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں اگر ؛
- آپ حاملہ ہوں یا حاملہ ہونے کے بارے میں سوچ رہی ہوں؛ اب تک یہ نہیں معلوم کہ پروسائکلیڈین حمل کے دوران لینا بچے کے لئے محفوظ ہے یا نہیں اس لئے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں۔ وہ آپ سے ڈسکس کریں گے کہ حمل کے دوران پروسائکلیڈین لینے سے آپ اور آپ کے بچے کے لئے ممکنہ فائدے کیا ہیں اور نقصانات کیا ہیں۔
- آپ اپنے بچے کو دودھ پلا رہی ہوں؛ اب تک یہ نہیں معلوم کہ پروسائکلیڈین ماں کے دودھ کے ذریعے بچے میں منتقل ہوتی ہے کہ نہیں، اس لئے اگر آپ کے لئے اس وقت پروسائکلیڈین لینا ضروری ہو تو اپنے بچے کواپنا دودھ نہ پلائیں۔
پروسائکلیڈین شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں اگر آپ کو کوئی بھی جسمانی بیماری ہو یا رہی ہو، خصوصاً اگر آپ کو مندرجہ ذیل بیماریوں میں سے کوئی بیماری ہو یا رہی ہو؛
- کالا موتیا
- کوئی بھی نفسیاتی بیماری
- جگر یا گردوں کی بیماری
- پروسٹیٹ گلینڈ بڑھے ہوئے ہونے کی تکلیف
- طویل عرصے کا قبض
- کسی بھی نشہ آور شے کی عادت
- اگر آپ کو پہلے کسی بھی دوا سے الرجی ہوئی ہو
اگر آپ اور دوائیاں لے رہے ہوں تو
اگر پروسائکلیڈین بعض مخصوص دواؤں کے ساتھ لی جائے تو دونوں دوائیں ساتھ لینے سے ری ایکشن ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کوئی بھی دوا لے رہے ہوں، اور خصوصاً مندرجہ ذیل دوائیوں میں سے کوئی بھی دوا لے رہے ہوں، تو پروسائکلیڈین شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر کو ضرور بتا دیں۔ (ان دوائیوں کے علاوہ بعض اور دوائیوں سے بھی پروسائکلیڈین کے ساتھ ری ایکشن ہو سکتا ہے، اس لئے آپ کے ڈاکٹر کو ان تمام دوائیوں کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے جو آپ لے رہے ہوں)؛
- مونو امین آکسیڈیز انہیبٹر اینٹی ڈپریسنٹ ادویات
- ٹرائی سائیکلک اینٹی ڈپریسنٹ ادویات
- پاروکسیٹین
- اینٹی سائیکوٹک ادویات
- الرجی کے علاج کی بعض دوائیں مثلاً اینٹی ہسٹامین ادویات
- معدے کی جلن کا علاج کرنے والی بعض دوائیں مثلاً میٹوکلوپرامائڈ
- امینٹاڈین (Amantadine)
- لیوو ڈوپا (Levodopa)
- کوئینیڈین (Quinidine)
- کیٹوکونازول (Ketoconazole)
- دوسری اینٹی کولینرجک دوائیں
پروسائکلیڈین کس وقت اور کس ڈوز میں لینی چاہیے؟
یہ آپ کے ڈاکٹر آپ کو بتائیں گے کہ پروسائکلیڈین کس وقت، کتنے ڈوز میں، اور کتنے عرصے کے لئے لینی چاہیے۔
پروسائکلیڈین کے ممکنہ مضر اثرات (سائیڈ ایفیکٹس)
تمام دوائیوں کے کچھ نہ کچھ مضر اثرات ہوتے ہیں۔ ان میں سے اکثر مضر اثرات کم شدّت کے ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ کم یا ختم ہو جاتے ہیں۔ ان کی وجہ سے دوا بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن کچھ مضر اثرات زیادہ شدید نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے فوراً دوا بند کرنا ضروری ہوتا ہے۔ دوا کےمعلوماتی کتابچے میں بے شمار مضر اثرات لکھے ہوئے ہوتے ہیں جو دنیا میں کبھی بھی کسی بھی مریض کو ہوئے ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے آپ کو ان میں سے بیشتر یا کوئی بھی مضر اثر نہ ہو۔
اپنے ڈاکٹر کو فوراً بتائیں یا ایمر جنسی ڈپارٹمنٹ جائیں اگر آپ کو ایسا لگے کہ کہ آپ کو پروسائیکلیڈین سےالرجی کا ری ایکشن ہو رہا ہے جس کی علامات یہ ہو سکتی ہیں:
- جلد پہ پتی اچھل آنا، خارش ہونا
- چہرے، ہونٹوں، زبان، گلے یاجسم کے دوسرے حصوں کی سوجن شروع ہو جانا
- سانس لینے میں یا نگلنے میں مشکل ہونا
- بخار
- بلڈ پریشر کم ہو جانا
کم شدّت کے مضر اثرات (اپنے ڈاکٹر کو بتائیں اگر آپ کو یہ مضر اثرات ہوں)
- منہ میں خشکی
- دھندلا نظر آنا
- قبض
- متلی محسوس ہونا
- الٹی ہو جانا
- مسوڑھوں کا سرخ ہو جانا اور سوج جانا
- گھبراہٹ، بے چینی
- چکر آنا
- ہوش و حواس مکمل برقرار نہ رہنا
- یادداشت کمزور ہو جانا
- غیبی آوازیں آنا یا غیر مرئی چیزیں نظر آنا
- خیالات گڈمڈ ہو جانا
ان کے علاوہ بھی کچھ مضر اثرات ہوسکتے ہیں ا سلئے بہتر ہوتا ہے کہ اگر آپ کو دوا شروع کرنے کے بعد کچھ نئی تکلیف دہ علامات شروع ہوں تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں۔
ماخوذ:
https://www.medsafe.govt.nz/Consumers/CMI/k/Kemadrin.pdf
accessed on 07/05/2024
Link to the English language leaflet above: https://www.medsafe.govt.nz/Consumers/CMI/k/Kemadrin.pdf