(Melatonin)
(ڈاکٹر سید احمر ایم آر سی سائیک، کنسلٹنٹ سائیکائٹرسٹ، نیوزی لینڈ)
(@ “Mental Health Made Easy” on Facebook, YouTube and Google sites)
میلاٹونن کن علامات کے علاج کے لئے استعمال کی جاتی ہے؟
- میلاٹونن نیند کو بہتر کرنے کے لئے تجویز کی جاتی ہے۔ مختلف ملکوں میں اس کے استعمال پہ کچھ پابندیاں ہیں اور اس کو تجویز کرنے والے ڈاکٹر کو اس بارے میں پتہ کر لینا چاہیے کہ ان کے ملک میں اسے کس صورت میں پریسکرائب کیا جا سکتا ہے۔
میلاٹونن ہر گز مت استعمال کریں اگر؛
- آپ کو پہلے میلاٹونن سے الرجی ہو چکی ہو۔
- اگر آپ الکحل پی رہے ہوں، یا کچھ دیر پہلے الکحل پی چکے ہوں جو آپ کے خون میں اب تک موجود ہو۔
- اگر آپ حاملہ ہوں، یا اپنے شیرخوار بچے کو اپنا دودھ پلا رہی ہوں۔ ابھی تک ان صورتوں میں میلاٹونن کے استعمال کے محفوظ ہونے پر باقاعدہ تحقیق نہیں ہوئی ہے۔
میلاٹونن شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں اگر؛
- آپ کو کسی بھی دوا یا کھانے سے پہلے الرجی ہوچکی ہو
- اگر آپ کسی بھی اور بیماری کے لئے کوئی دوا لے رہے ہوں
- اگر آپ کو ان میں سے کوئی بیماری ہو یا پہلے ہو چکی ہو، (یا ان کے علاوہ کوئی بھی اور جسمانی بیماری ہو چکی ہو)
o جگر کی بیماری
o گردوں کی بیماری
o آٹو امیون بیماری (autoimmune disease)
o Galactose intolerance
میلاٹونن شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں اگر آپ اور دوائیاں لے رہے ہوں؛
اگر میلاٹونن بعض اور دواؤں کے ساتھ لی جائے تو دونوں دوائیں ساتھ لینے سے ری ایکشن ہوسکتا ہے، مثلاً
- نیند بہتر کرنے والی اور گھبراہٹ کم کرنے والی دوائیاں مثلاً بینزو ڈایازیپینز
- فلوووکسامین، تھایوریڈازین، ایمیپرامین
- ایسٹروجن
- سیمیٹیڈین
- سورالینس (psoralens)
- الکحل
- کیفین
ان دوائیوں کے علاوہ بعض اور دوائیوں کو میلاٹونن کے ساتھ لینے سے ہونے والے اثر کے بارے میں ابھی وثوق سے نہیں معلوم، اس لئے آپ کے ڈاکٹر کو ان تمام دوائیوں کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے جو آپ لے رہے ہوں۔
میلاٹونن کتنی اور کس وقت لینی چاہیے؟
- میلاٹونن کو رات سونے کے وقت سے ایک سے دو گھنٹہ پہلے کچھ نہ کچھ غذا کے ساتھ لینا چاہیے۔
- یہ آپ کے ڈاکٹر آپ کو بتائیں گے کہ آپ کو اسے کس ڈوز میں لینا چاہیے۔
- اس کو تین ہفتے سے زیادہ روزانہ ہرگز نہ لیں، سوائے اس کے کہ آپ کے ڈاکٹر نے کسی خاص وجہ سے اس کی ہدایت کی ہو۔
جب آپ میلاٹونن لینا شروع کریں تو ابتدا میں ڈرائیونگ اور مشینری آپریٹ کرنے سے احتیاط کریں جب تک کہ آپ کو پتہ نہ چل جائے کہ اس کا آپ کے چاق و چوبند رہنے اور آپ کے ری ایکشن ٹائم پہ کتنا اثر ہوتا ہے۔
میلاٹونن کے ممکنہ مضر اثرات (سائیڈ ایفیکٹس)
تمام دوائیوں کے کچھ نہ کچھ مضر اثرات ہوتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر مضر اثرات کم شدّت کے ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ کم یا ختم ہو جاتے ہیں۔ ان کی وجہ سے دوا بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن بعض مضر اثرات زیادہ شدید نوعیت کے ہوتے ہیں، مثلاً الرجک ری ایکشن ہو جانا، اور ان کی وجہ سے فوراً دوا بند کرنا ضروری ہوتا ہے۔ دوا کےمعلوماتی کتابچے میں بے شمار مضر اثرات لکھے ہوئے ہوتے ہیں جو دنیا میں کبھی بھی کسی بھی مریض کو ہوئے ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے آپ کو ان میں سے بیشتر اثرات یا کوئی بھی مضر اثر نہ ہو۔ اگر دوا شروع کرنے کے بعد آپ کو کوئی بھی نئی تکلیف دہ علامات شروع ہوں جو یہاں نہیں بھی لکھی ہوئی ہیں تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
کم شدّت کے مضر اثرات (اپنے ڈاکٹر کو بتائیں اگر یہ آپ کے لئے تکلیف دہ ہوں)
- کمر میں درد، جوڑوں میں درد، جوڑوں کی سوجن، ہاتھوں پیروں میں درد، گردن میں درد، عضلات کا اکڑ جانا، تھکن، رات میں عضلات میں اکڑن محسوس ہونا
- پیچش، قبض، متلی محسوس ہونا، الٹی ہونا، پیٹ میں درد، بدہضمی، گلا خشک محسوس ہونا، منہ میں چھالے ہونا یا آبلے ہو جانا، زبان پہ چھالے پڑنا، وزن بڑھ جانا، پیٹ میں سے عجیب و غریب آوازیں آنا، پیٹ میں بہت گیس ہونا، منہ میں بہت زیادہ تھوک آنا، منہ سے بدبو آنا، معدے میں تیزابیت محسوس ہونا اور اس کا اوپر آنا،
- بہت زیادہ پیاس لگنا، بہت زیادہ پیشاب ہونا، پیشاب میں خون آنا، رات میں پیشاب ہونا، پیشاب میں شوگر یا پروٹین کا آنا،
- کھانسی، گلا خراب ہونا
- چڑچڑاپن، گھبراہٹ، پریشانی، بے چینی، نیند اڑ جانا، عجیب و غریب خواب آنا، ڈراؤنے خواب آنا، ڈپریشن، سستی، جارحیت، جنسی خواہش کا بڑھ جانا، رونا آنا، صبح بہت سویرے آنکھ کھل جانا، گہری نیند نہ آنا
- سر میں درد، مائیگرین، کمزوری، چکر آنا، رات میں پسینہ آنا،
- آنکھوں سے پانی بہنا
- خارش، ریش، جلد میں انفلیمیشن، ایکزیما، سوائیسس، ناخن خراب ہو جانا
- بلڈ پریشر بڑھ جانا
- مینوپاز کی علامات، شدید گرمی محسوس ہونا، پروسٹیٹ گلینڈ کی انفلیمیشن
- جگر کے اینزائمز بڑھ جانا یا جگر کی کارکردگی خراب ہونے لگنا،
- خون میں چکنائی کا بڑھ جانا، سوڈیم اور کیلشیم کا کم ہو جانا
شدید مضر اثرات (اگر یہ نمودار ہوں تو فوراً اپنے ڈاکٹر کو دکھائیں یا ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ جائیں)
- دل کی دھڑکن محسوس ہونا، سینے میں شدید گھٹن یا درد محسوس ہونا جو بازوؤں، کندھے، یا پیٹھ کی طرف پھیل رہا ہو، لیٹے سے بیٹھنے یا کھڑے ہونے پہ چکر آنا
- دھندلا دکھائی دینا، کم نظر آنے لگنا
- بے ہوش ہو جانا، یادداشت کی خرابی، توجہ دینے میں مشکل ہونا، لوگوں، وقت، یا جگہ کا یاد نہ رہنا، ہاتھوں پیروں میں سوئیاں سی چبھنا
- خون میں سفید یا پلیٹ لیٹس کا کم ہوجانا
- شنگلز
ماخوذ:
https://www.nps.org.au/assets/medicines/f9cd2fab-0d79-4b0d-baf9-af9d011d854b.pdf
accessed on 08/05//2024
Link for the English language leaflet above: https://www.nps.org.au/assets/medicines/f9cd2fab-0d79-4b0d-baf9-af9d011d854b.pdf
(Zopiclone)
(ڈاکٹر سید احمر ایم آر سی سائیک، کنسلٹنٹ سائیکائٹرسٹ، نیوزی لینڈ)
(@ “Mental Health Made Easy” on Facebook, Google sites, and YouTube)
زوپی کلون کن تکالیف کے علاج کے لئے استعمال کی جاتی ہے؟
- نیند کی خرابی کے مختصر مدت کے علاج کے لئے، مثلاً ایک سے دو ہفتے کے لئے
یہ دوا ہرگز نہ لیں اگر
- آپ کو پہلے کبھی زوپی کلون سے الرجی کا ری ایکشن ہو چکا ہو
- آپ الکحل پی رہے ہوں
- آپ کو سلیپ ایپنیا (sleep apnea) ہو، یہ نیند کی ایک بیماری ہوتی ہے جس میں سونے کے دوران سانس تھوڑی دیر کے لئے رک جاتی ہے یا بہت ہلکی ہو جاتی ہے
- آپ کو مائی ایستھینیا گریوس ہو (Myasthenia Gravis)
- آپ کو جگر کی شدید درجے کی بیماری ہو
- آپ کو حالیہ یا طویل عرصے کی پھیپھڑوں کی شدید درجے کی بیماری ہو
- آپ کو پہلے کبھی زوپی کلون لینے کے بعد پوری طرح جاگنے سے پہلے، نیند میں چلنے ، گاڑی چلانے، کھانا کھانے، فون کرنے، یا کوئی اور غیر معمولی عمل کرنے کا اتفاق ہوا ہو
- زوپی کلون چند ہفتوں سے زیادہ کے لیے روزانہ استعمال نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس سے عادت پڑنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
- آپ حاملہ ہوں۔ حمل کے دوران زوپی کلون لینے سے آپ کے پیٹ میں موجود بچے پہ اثر ہو سکتا ہے۔ آپ کے ڈاکٹر آپ کو بتائیں گے کہ ایسی صورت میں زوپی کلون کے فائدے اور نقصانات کیا ہیں
- آپ شیر خوار بچے کو دودھ پلا رہی ہوں۔ زوپی کلون ماں کے دودھ کے ذریعے شیر خوار بچے کے جسم میں منتقل ہو جاتی ہے، اور اس سے آپ کے بچے پہ اثر ہو سکتا ہے۔ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں کہ ایسی صورت میں کیا کرنا چاہیے
زوپی کلون شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں اگر ؛
- آپ کو سانس کی کوئی بیماری ہو یا آپ اکثر سوتے میں خرّاٹے لیتے ہوں
- آپ کو پہلے الکحل کی یا کسی اور نشہ آور دوا کی عادت رہی ہو، ایسے مریضوں میں زوپی کلون کی عادت پڑ جانے کا خدشہ دوسرے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے
- پہلے آپ کو کوئی نفسیاتی بیماری ہوئی ہو
زوپی کلون لینے سےلوگوں میں نیند کا اثر پوری طرح ختم ہونے سے پہلے نیند میں چلنے، گاڑی چلانے، فون کال کرنے، کھانا کھانے یا اس طرح کے دوسرے غیر معمولی رویّے صادر ہو سکتے ہیں۔ بعض مریضوں میں اس کی وجہ سے شدید چوٹیں اور اموات بھی پیش آئی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو صبح میں یہ یاد نہ رہے کہ آپ نے رات میں زوپی کلون لینے بعد کیا کیا تھا۔ اگر آپ کو احساس ہو یا گھر والے بتائیں کہ آپ کے ساتھ ایسا کچھ پیش آیا تھا تو زوپی کلون فوراً روک دیں اور اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریںِِِ۔
زوپی کلون شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں اگر آپ کو کوئی بھی بیماری ہو، خاص طور سے اگر مندرجہ ذیل بیماریوں میں سے کوئی بیماری ہو؛
- تھائی روائڈ گلینڈ کی بیماری
- ڈپریشن، سائیکوسس، شیزوفرینیا
- مرگی کی بیماری
- نشہ آور چیزیں لینے کی بیماری
اگر آپ اور دوائیاں لے رہے ہوں تو
اگر زوپی کلون بعض مخصوص دواؤں کے ساتھ لی جائے تو دونوں دوائیں ساتھ لینے سے ری ایکشن ہوسکتا ہے۔اگر آپ کوئی بھی دوا لے رہے ہوں، اور خصوصاً مندرجہ ذیل دوائیوں میں سے کوئی بھی دوا لے رہے ہوں، تو زوپی کلون شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر کو ضرور بتا دیں؛
- نیند لانے والی یا گھبراہٹ کم کرنے والی کوئی بھی دوا
- اینٹی ڈپریسنٹ دوائیں
- اور دوائیں جن سے غنودگی ہوتی ہے
- بینزو ڈایازیپینز
- درد کی بعض دوائیں مثلاً کوڈین یا مورفین
- عضلات کو ریلیکس کرنے والی دوائیں (muscle relaxants)
- الرجی کے علاج کی بعض دوائیں مثلاً اینٹی ہسٹامین ادویات
- مرگی کے علاج کی دوائیں
- بعض اینٹی وائرل دوائیں
- Rifampicin, erythromycin,
- فنگس کے علاج کی بعض دوائیں مثلاً کیٹو کونا زول
ان دوائیوں کے علاوہ بعض اور دوائیوں سے بھی زوپی کلون کے ساتھ ری ایکشن ہو سکتا ہے، اس لئے آپ کے ڈاکٹر کو ان تمام دوائیوں کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے جو آپ لے رہے ہوں.
زوپی کلون کس طرح لینی چاہیے؟
زوپی کلون سونے کے وقت سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے لینی چاہیے۔
یہ آپ کے ڈاکٹر بتائیں گے کہ آپ کو زوپی کلون کتنے ڈوز میں، اور کتنے دن کے لئے لینی چاہیے۔
اگر اس کو خالی پیٹ لیا جائے تو یہ زیادہ جلدی کام کرنا شروع کرتی ہے۔
ایک دفعہ میں یہ صرف ایک سے دو ہفتے کے لئے لینی چاہیے، ورنہ عادت پڑنے کا ڈر ہوتا ہے۔
جب آپ زوپی کلون لینا شروع کریں توگاڑی اور مشینری چلانے سے احتیاط کریں جب تک کہ آپ کو اندازہ نہ ہو جائے کہ آپ کو اس ے کتنی غنودگی ہوتی ہے اور آپ کی کارکردگی اور ری ایکشن ٹائم پہ کتنا اثر پڑتا ہے۔
اگر آپ زوپی کلون طویل عرصے سے لے رہے ہوں تو اسے ہر گز اچانک بند نہ کریں کیونکہ اس سے مندرجہ ذیل مضر اثرات ہو سکتے ہیں؛
- پیٹ میں اور عضلات میں اکڑن
- الٹیاں شروع ہو جانا
- بہت پسینہ آنا
- نیند اڑ جانا
زوپی کلون کے ممکنہ مضر اثرات (سائیڈ ایفیکٹس)
تمام دوائیوں کے کچھ نہ کچھ مضر اثرات ہوتے ہیں۔ ان میں سے اکثر مضر اثرات کم شدّت کے ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ کم یا ختم ہو جاتے ہیں۔ ان کی وجہ سے دوا بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن بعض مضر اثرات زیادہ شدید نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے فوراً دوا بند کرنا ضروری ہوتا ہے۔ دوا کےمعلوماتی کتابچے میں بے شمار مضر اثرات لکھے ہوئے ہوتے ہیں جو دنیا میں کبھی بھی کسی بھی مریض کو ہوئے ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے آپ کو ان میں سے بیشتر یا کوئی بھی مضر اثر نہ ہو۔
کم شدّت کے مضر اثرات (اپنے ڈاکٹر کو بتائیں اگر یہ آپ کے لئے تکلیف دہ ہوں)
- عمومی مضر اثرات؛ سر درد، منہ میں خشکی، منہ کا ذائقہ کڑوا ہوجانا، غنودگی، (یہ مضر اثرات سب سے زیادہ مریضوں میں نظر آتے ہیں)
- جلد پہ ریش ہو جانا، دھندلا نظر آنا
- نظامِ ہاضمہ پہ اثرات؛ معدے میں جلن ہونا، متلی، الٹی، پیچش، بھوک کم یا زیادہ ہو جانا، معدے میں درد
- جنسی صحت؛ مردانہ کمزوری ہو جانا
- نروس سسٹم پہ اثرات؛ بے چینی ڈپریشن، بدحواسی، گھبراہٹ، چکر آنا
شدید مضر اثرات (اگر یہ نمودار ہوں تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں یا ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ جائیں)
- شدید الرجی کا ری ایکشن: جس میں سانس لینے میں مشکل ہو سکتی ہے، چہرے، ہونٹوں، زبان، گلے یاجسم کے دوسرے حصوں کی سوجن ہو سکتی ہے جس سے سانس لینے میں نگلنے میں مشکل ہو سکتی ہے، یا جلد میں الرجی کی علامات نمودار ہو سکتی ہیں
- بے ہوش ہو جانا
- خودکشی کے خیالات آنا، رویے میں تبدیلی آ جانا
- ، نیند کے دوران اور آنکھ پوری طرح کھلنے سے پہلے چلنے لگنا، کھانے لگنا، گاڑی چلانے لگنا، فون کرنے لگنا، جنسی تعلق قائم کرنے لگنا اور دوسرے غیرمعمولی رویّے (بعض کیسز میں ان سے شدید حادثات اور موت بھی واقع ہو چکے ہیں، زوپی کلون لینے کے ساتھ الکحل پینے سے اس مضر اثر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے)،
- ہذیان کی سی کیفیت
ان کے علاوہ بھی کچھ مضر اثرات ہوسکتے ہیں ا سلئے بہتر ہوتا ہے کہ اگر آپ کو دوا شروع کرنے کے بعد کچھ نئی تکلیف دہ علامات شروع ہوں تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں۔
نیند کی کسی بھی دوا کو ڈاکٹر کے مشورے کے بغیراچانک ہرگز بند نہ کریں کیونکہ ایسا کرنا خطرناک ہو سکتا ہے!
ماخوذ:
https://www.nps.org.au/assets/medicines/c25b74cb-61c7-41c6-a50b-a53300fef24e.pdf
accessed on 10/05/2024
Link to the English language leaflet above: https://www.nps.org.au/assets/medicines/c25b74cb-61c7-41c6-a50b-a53300fef24e.pdf