پیپلزپارٹی اور پنجاب کی سیاست
پیپلزپارٹی اور پنجاب کی سیاست
تحریر: آفتاب احمد گورائیہ
پاکستان پیپلزپارٹی کو پنجاب کے اقتدار سے جبری بے دخل ہوئے تینتالیس سال ہو چلے ہیں۰ انیس سو ستتر کے بعد تین مرتبہ پیپلزپارٹی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں تھی لیکن بوجوہ پیپلزپارٹی کو پنجاب میں حکومت نہیں بنانے دی گئی۰ ضیا آمریت کے خاتمے کے بعد 1988 میں ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پیپلزپارٹی پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی جسے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے صرف چند آزاد اراکین کی حمایت کی ضرورت تھی لیکن تمام کے تمام آزاد اراکین کی حمایت آئی جے آئی کے پلڑے میں ڈال کر پیپلزپارٹی کو پنجاب میں حکومت بنانے سے روک دیا گیا۰ اس کے بعد 1993 کے انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی ہی پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری لیکن اٹھارہ سیٹوں والے منظور وٹو وزیراعلی بن گیے اور پیپلزپارٹی کو ایک بڑےاتحادی کے طور پر صرف چند وزارتوں پر اکتفا کرنا پڑا۰ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد 2008 میں ہونے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی ایک دفعہ پھر پنجاب کی ایک بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی لیکن ن لیگ کے ساتھ اتحاد کی بنا پر پیپلزپارٹی کے حصے میں چند وزارتوں کے سوا کچھ نہ آ سکا۰
پنجاب میں پیپلزپارٹی کے زوال کی بہت ساری دوسری وجوہات کے ساتھ ساتھ سب سے اہم نظر آنے والی وجہ اسٹیبلشمنٹ کا یہ فیصلہ ہے کہ جو مرضی ہو جائے پنجاب کا اقتدار پیپلزپارٹی کو نہیں دینا۰ اسی لیے 1977 کے بعد سے پنجاب کا اقتدار پیپلزپارٹی کے لیےشجر ممنوعہ قرار دے دیا گیا۰ پنجاب چونکہ اسٹیبلشمنٹ کے ہوم گراونڈ کا درجہ رکھتا ہے اس لیے پیپلزپارٹی جیسی اینٹی اسٹیبلشمنٹ پارٹی کا پنجاب میں طاقتور ہونا اسٹیبلشمنٹ کو کسی صورت گوارہ نہیں ہو سکتا۰ اس لیے پروپیگنڈہ اور الیکشن انجنئیرنگ سمیت ہر اُس ہتھکنڈے سے کام لیا گیا جس سے پیپلزپارٹی کو پنجاب میں خصوصاً نقصان پہنچایا جا سکے۰
نظریاتی سیاسی جماعتوں پر بُرے بھلے وقت آتے رہتے ہیں خاص طور پر بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے لیے تو راستہ اور بھی کٹھن ہوتا ہے کیونکہ ان کا مقابلہ بااختیار اور غاصب قوتوں کے ساتھ ہوتا ہے جن کے پاس طاقت اور وسائل ہوتے ہیں اور پروپیگنڈہ مشینری بھی۰ پیپلزپارٹی کو پنجاب میں ان حالات کا سامنا کرتے ہوئے چالیس سال سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے۰ دو دفعہ پیپلزپارٹی کی قیادت غیر فطری طور پر چھین لی گئی۰ ذرا اندازہ کریں کہ اگر ان حالات کا سامنا کسی دوسری سیاسی جماعت کو کرنا پڑے یا ان کی قیادت کو خدانخواستہ ہٹا دیا جائے تو ان کا کیا حال ہو گا۰ ان جماعتوں کو اپنا وجود برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۰ پیپلزپارٹی تو نہ صرف اپنا وجود برقرار رکھنے میں کامیاب ہے بلکہ اپنی موجودگی سے غیر جمہوری قوتوں کو ہمیشہ کی طرح کھٹک بھی رہی ہے۰
اگر ووٹ بینک اور سیٹوں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پیپلزپارٹی کو پنجاب میں بہت زیادہ نقصان ہو چکا ہے۰ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلا تو پورا نہیں ہو سکتا لیکن چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی مسلسل کوششوں سے پنجاب میں پیپلزپارٹی آہستہ آہستہ ایک دفعہ پھر اپنی قوت بحال کرنے کی پوزیشن میں آتی جا رہی ہے۰ چیرمین بلاول بھٹو کےپنجاب میں ہونے والے جلسوں اور جلوسوں میں بی بی شہید کے عوامی اجتماعات کا رنگ نظر آنا شروع ہو گیا ہے۰ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے مایوس جیالے چیرمین بلاول بھٹو میں بی بی شہید کی جھلک دیکھ کر ایک دفعہ پھر متحرک ہو چکے ہیں۰ دو ہزار اٹھارہ کی پنجاب میں انتخابی مہم کے دوران چیرمین بلاول بھٹو کے جلوسوں میں بہت عرصہ بعد بہت بڑی تعداد میں عوام کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے۰ چیرمین بلاول بھٹو نے پنجاب میں جہاں بھی جلسہ کیا یا جلوس نکالا عوام کی بہت بڑی تعداد نے بلاول بھٹو کو خوش آمدید کہا۰ دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے پنجاب کے بہت سارے اضلاع میں اپنے ووٹ بینک کو بھی بہتر بنایا لیکن بوجوہ یہ ووٹ سیٹوں میں تبدیل نہ ہو سکے اور سب کو معلوم ہے کہ ایسا کیوں ہوا۰ سب سے پہلے تو پیپلزپارٹی کو پنجاب میں انتخابی مہم کے لیے فری ہینڈ نہیں دیا گیا اور چیرمین بلاول بھٹو کے قافلے کو سندھ اور پنجاب کی سرحد پر روک لیا گیا اور کافی بحث مباحثے اور کارکنوں کی طاقت کے زور پر چیرمین بلاول بھٹو کو پنجاب میں داخلے اور انتخابی مہم کی اجازت دی گئی۰ اگر پیپلزپارٹی کوپنجاب میں فری ہینڈ دیا جائے تو تمام تر کمزوریوں کے باوجود پیپلزپارٹی آج بھی پنجاب سے کافی بڑی تعداد میں سیٹیں حاصل کر سکتی ہے لیکن اگر پیپلزپارٹی والے اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ جیسی عوام دوست شرارتیں کریں گے تو پھر لیاری اور لاڑکانہ سے بھی ہرایا جا سکتا ہے۰
پنجاب میں کھویا ہوا شاندار ماضی دوبارہ حاصل کرنے کے لئے پیپلزپارٹی کو پنجاب کی تنظیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۰ جنوبی پنجاب جہاں تمام تر برے حالات کے باوجود پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک کسی حد تک موجود ہے جبکہ بہت سارا ووٹ ایسا ہے جو خاموش ہے یا تبدیلی کو پیارا ہو چکا ہے جس کو تھوڑی سی محنت سے واپس لایا جا سکتا ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جنوبی پنجاب کی تنظیم نہایت ہی غیر فعال ہے۰ عہدیداروں کا کارکنوں سے رابطہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ پارٹی کے پلیٹ فارم سے کوئی عوامی تقریب ہوئے بھی عرصہ دراز ہو چلا ہے۰ جنوبی پنجاب میں بہت سے سیاسی خاندان جو پیپلزپارٹی کو چھوڑ چکے ہیں ان کےساتھ بھی رابطے کی ضرورت ہے کیونکہ بہت سارے لوگ تبدیلی سے بیزار ہو کر دوسری پارٹیوں میں شرکت کے لیے پر تول رہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی طرف سے اس معاملے میں بھی سارا بوجھ چیرمین بلاول بھٹو پر ہی ڈال دیا گیا ہے۰
جنوبی پنجاب کے برعکس سنٹرل پنجاب کی تنظیم کافی فعال ہے۰ قمر زمان کائرہ اور چوہدری منظور احمد کافی حد تک کارکنوں سے رابطے میں بھی رہتے ہیں اور تنظیمی اجلاسات بھی باقاعدگی سے ہوتے ہیں جبکہ عوامی رابطے میں بھی جنوبی پنجاب کی تنظیم سے بہت آگے ہیں۰ لیکن ان تمام تر کاوشوں کے باوجود سنٹرل پنجاب میں بھی بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے کیونکہ سنٹرل پنجاب ن لیگ کا بھی مضبوط گڑھ ہے۰ چیرمین بلاول بھٹو بھی اپنی گونا گوں مصروفیات سے وقت نکال کر پنجاب کو ٹائم دینے کی کوشش کرتے ہیں جس سے بہت فائدہ بھی ہو رہا ہے لیکن پنجاب کی تنظیموں کو خود بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کارکنوں کے ساتھ رابطے کومضبوط کرنے اور ناراض اور گھر بیٹھ جانے والے کارکن کو واپس لانے کی ضرورت ہے۰ اس کے ساتھ ساتھ تبدیلی سرکار سےبیزار ووٹ بینک کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی بھی ضرورت ہے کیونکہ یہ بھی ایک سیاسی حقیقت ہے کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک پی ٹی آئی کی طرف چلا گیا تھا۰ اگر پی ٹی آئی کی نااہلیت کی وجہ سے ان کا ووٹ بینک متاثر ہوتا ہے جو کہ بہت بڑی تعداد میں ہو گا تو اس کا فائدہ بھی پیپلزپارٹی کو ہو گا اور پیپلزپارٹی کا پنجاب کا ووٹر لازمی طور پر واپس آئے گا۰
اب بات ہو جائے گوجرانوالہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کی جس میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت اور لالہ موسی سے گوجرانوالہ تک چیرمین بلاول بھٹو کی ریلی کے جگہ جگہ فقید المثال استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلزپارٹی کو پنجاب سے ختم کرنے کا دعوی کرنے والے غلطی پر ہیں اور چیرمین بلاول بھٹو کی آواز پنجاب کی عوام کے دل پر اثر کر رہی ہے۰
پیپلزپارٹی کو پنجاب سے ختم کر دینے کے خواب دیکھنے والوں کو پیپلزپارٹی کے جیالوں نے بلاول بھٹو زرداری کی میلوں لمبی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر کے منہ توڑ جواب دیا ہے۰ لالہ موسی سے گوجرانوالہ تک کی ریلی کی خاص بات عام عوام کا اپنی ٹرانسپورٹ پر جوق در جوق ریلی میں شرکت کرنا ہے۰ ایسے علاقوں میں جو مخالف جماعتوں کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں وہاں بھی چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع تھے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں ایک نئے سورج کی طرح دوبارہ طلوع ہو چکی ھے اور بی بی کی شہادت کے بعد اُجڑ جانے والا میلہ دوبارہ سج چکا ہے، شہید رانی کے دور والی رونق بحال ہو چکی ہے اور پنجاب ایک دفعہ پھر چیرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہو رہاہے۰ جیالے چارج ہو چکے ہیں، مشکل وقت گزر چکا ہے اور پیپلزپارٹی پنجاب میں اپنے شاندار ماضی کی طرف لوٹ رہی ہے۰چیرمین بلاول بھٹو کا پیغام پنجاب کے لوگوں کے دلوں میں گھر کر رہا ہے۰ جو لوگ پیپلزپارٹی کو پنجاب سے ختم کر چکے تھے ان کی برسوں کی محنت ایک دفعہ پھر ضائع ہوتی نظر آ رہی ہے۰
جی ٹی روڈ ن لیگ کا تو گڑھ ہے لیکن پیپلزپارٹی نے بھی گوجرانوالہ کے جلسہ میں بھرپور شرکت اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب ریلی سے میلہ لوٹ لیا ہے۰ اس بے مثال کامیابی پر پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کی تمام تنظیم بجا طور پر مبارکباد کی مستحق ہے جبکہ خاص طور پر قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور احمد، سید حسن مرتضی، اسلم گل، ودود حسن ڈار، اعجاز سماں، آصف بشیربھاگٹ، ندیم کائرہ، تنویر اشرف کائرہ، غلام محی الدین کائرہ، وزیر اعوان اور ان کے بے شمار ساتھی مبارکباد کے حقدار ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود بہت کم وقت میں پیپلزپارٹی کے ایک بے مثال پاور شو کا اہتمام کیا۰ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب سوشل میڈیا کی ٹیم بھی تمام وقت آن گراونڈ موجود رہی اور لمحہ بہ لمحہ ویڈیو کوریج اور تازہ ترین صورتحال سے سوشل میڈیا کو آگاہ کرتے رہے۰ اس کے لیے پنجاب سوشل میڈیا ٹیم کے انچارج عثمان اعوان اور انکے رفقا حسن گیلانی، راحت نقوی، ندیم انور،عزیزاللہ اور بہت سارے دیگر احباب خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۰
پی ڈی ایم کی تحریک کا نتیجہ جو بھی نکلے اس کے پہلے ہی جلسے سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کل بھی چاروں صوبوں کی زنجیر تھی آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۰ پنجاب میں بھی اچھا وقت دوبارہ آنے والا ہے۰ پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹوزرداری نے اپنے تدبر اور فراست سے ساری اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے غیر جمہوری قوتوں اور غیرجمہوری نظام کے جو خلاف عظیم الشان تحریک برپا کر دی ہے اسی تحریک سے بیداری کی لہر پیدا ہو گی جو پیپلزپارٹی کے پنجاب میں احیا کا باعث بنے گی۰
Twitter: @GorayaAftab
Dated: 17-10-2020