ٹیا مبشر
ٹیا مبشر
تحریر: آفتاب احمد گورائیہ
بھائیوں جیسا دوست مبشر سلیم جس کا ساتھ میری زندگی کا قیمتی اثاثہ ہے آج میری اس تحریر کا موضوع ہے۰ مبشر سلیم ایک ایسا زندہ دل انسان ہے جسے دل جیتنے کا فن خوب آتا ہے۰
جب بھی پاکستان کا چکر لگے میرا زیادہ تر وقت مبشر کے ساتھ ہی گزرتا ہے۰ صبح اس کے ساتھ ہی اس کے دفتر چلے جانا پھر اسکے ساتھ ہی واپس آنا ایک ایسی روٹین ہے جو کئی سالوں سے پاکستان وزٹ کے دوران برقرار ہے۰ مبشر سلیم پاکستان کی ایک بڑی انشورنس کمپنی میں سنئیر وائس پریذیڈنٹ جیسے اعلی عہدے پر فائز ہے۰ مبشر کے عہدے کے حوالے سے مزے کی ایک بات جو ہم اکثر مذاق میں مبشر سے کرتے رہتے ہیں کہ بڑا افسر ہے تو سہی لیکن لگتا تو نہیں ناں۰
چونکہ مبشر کا تعلق بزنس ڈیولپمنٹ کے شعبہ سے ہے اس لئے کلائنٹس کے ساتھ رابطہ اور انشورنس پالیسیوں کی سالانہ تجدید وغیرہ اس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہیں۰ روزانہ کے دفتری امور جیسے روٹین کے کام چونکہ اس کا درد سر نہیں ہیں اس لئے اس کےدفتر میں گپ شپ کا ماحول بنا رہتا ہے۰ چاچو رانا ظفر صاحب بھی وہیں موجود ہوتے ہیں اس لئے ان کے دفتر میں اچھا وقت گزرجاتا ہے۰
ایک صبح جب میں مبشر کے ساتھ دفتر جانے لگا تو میری بیگم کہنے لگی کہ بیٹے کو بھی ساتھ لے جائیں تھوڑا گھوم پھر آئے گا۰ میں نےجب حیرانی کے ساتھ بیگم کو دیکھا اور جواب دیا کہ دفتر میں بچوں کا کیا کام تو آگے سے میری بیگم کا جواب کہ “وہ کون سا سیریس دفتر ہے” سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے۰
مبشر کو قسم قسم کے کھانے بنانے کا بہت شوق ہے۰ اللہ تعالی نے مبشر کے ہاتھ میں ذائقہ بھی خوب رکھا ہے۰ ہم جب بھی پاکستان جاتے ہیں تو کھانوں کی ایک لمبی لسٹ ہوتی ہے جو مبشر نے ہمیں پکا کر کھلانے ہوتے ہیں۰ مبشر کے دفتر میں بھی کوئی موقع ہو تو کولیگز اور سٹاف کی فرمائش ہوتی ہے کہ مبشر صاحب کھانا بنائیں اور مبشر صاحب پہلے ہی تیار ہوتے ہیں کھانا بنانے کے لئے اوریہ وہ وقت ہوتا ہے جب مبشر صاحب سنئیر وائس پریذیڈنٹ کی بجائے زبیدہ آپا کا روپ دھار لیتے ہیں۰
مبشر نے ہمارے باہر سے کھانے ختم کرا دئیے ہیں کبھی باہر سے کھانے کا کہو بھی تو کہتا ہے کہ میں گھر میں بناتا ہوں صاف ستھرا۔ اور مزے کی بات یہ ہے کہ ریسٹورنٹ سے کہیں زیادہ مزے کا کھانا بنتا ہے۰ یہ علیحدہ بات ہے کہ ایک دفعہ پورا بکرا روسٹ کرنے کے چکر میں ضائع کر دیا تھا جب اپنے فارم پر زمین میں کھڈا کھود کر کوئلے جلا کر بکرا روسٹ کرنے کی کوشش کی لیکن جب مقررہ وقت کے بعد بکرا باہر نکلا تو ویسے کا ویسے ہی کچا تھا جسے بعد میں دیگ میں پکانے کی کوشش کی گئی لیکن بات نہ بن سکی۰ یقیناً یہ سب چاچو رانا کے بغیر سالم بکرا ہضم کرنے کی کوشش کا نتیجہ ہی تھا۰
مبشر سلیم کی ایک عادت جس سے مجھے ہمیشہ ہی اختلاف رہا ہے وہ اس کا نت نئی ٹیکنالوجی پر پیسہ ضائع کرنا ہے۰ بڑے بڑے ٹی وی ، ساونڈ سسٹم، پروجیکٹرز اور موبائلز پر اس کا پیسے خرچ کرنا مجھے کبھی بھی اچھا نہیں لگا اور میں اسے ہمیشہ اس سے منع کرتا رہتا ہوں لیکن وہ مبشر ہی کیا جو باز آ جائے۰
کئی سالوں سے ہمارا یہ بھی معمول ہے کہ دسمبر میں جب ہم ساری فیملی چھٹیوں میں پاکستان جاتے ہیں تو مبشر اور اسکی فیملی کےساتھ کہیں نہ کہیں لاہور سے باہر کچھ روز سیر کے لئے چلے جاتے ہیں۰ دسمبر 2017 میں مبشر اور اس کی فیملی کے ساتھ دوبئی میں گزراایک ہفتہ اور پچھلے سال بھوربن برفباری دیکھنے کے لئے جانا بڑے ہی یادگار لمحات ہیں۰ اس سال چونکہ کرونا کی وجہ سے پاکستان جانا ممکن نہیں اس لئے اس سال پرانی یادوں کے سہارے ہی دسمبر گزرے گا۰
میرے پاکستان کے ٹرپ کی ایک اہم روٹین مبشر کے فارم ہاؤس جانا اور وہاں لگنے والی دوستوں کی محفلیں بھی ہیں۰ دوستوں کی سنگت کے علاوہ مبشر کے ہاتھ کے مزے مزے کے کھانے اور کھلی صاف فضا اس ٹرپ کا اہم حصہ ہیں۰ لاہور میں قیام کےدوران بھی رات کو دیر تک مبشر کے گھر بیٹھ کر گپ شپ کا اپنا ہی مزہ ہے۰
مبشر عام طور پر سب بچوں سے ہی بہت پیار کرتا ہے لیکن میری چار سالہ بیٹی زینیا احمد گورائیہ میں تو مبشر کی جان ہے۰ زینیا نےجب بولنا شروع کیا تو اسے تایا صحیح طرح سے کہنا نہیں آتا تھا تو وہ مبشر کو تایا کی بجائے ٹیا کہنے لگی اور اب یہی اس کی زبان پر پکا ہو گیا ہے اور آج یہی اس کالم کا عنوان بھی ہے۰
مجھے لگتا ہے کہ میں نے زندگی میں کچھ تو اچھا کیا ہو گا جو مبشر سلیم جیسے بھائی کا ساتھ اللہ نے عطا کیا۰ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی مبشر سلیم اس کی فیملی اور ہم سب کو ہمیشہ خوشیوں کے ساتھ ملائے، صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور اپنےفضلوں سے نوازتا رہے آمین۰
Twitter: @GorayaAftab
Dated: 30-08-2020