میرے ابو جان
میرے ابو جان
تحریر: آفتاب احمد گورائیہ
گیارہ ستمبر 2014 کا سورج طلوع ہوا تو یہ ہر روز کی طرح ایک عام سا دن تھا لیکن جب یہ دن ختم ہوا تو میری متاع عزیز میرے ابوجان چوہدری مشتاق احمد گورائیہ کو ہمیشہ کے لئے ہم سے دور لے کر جا چکا تھا۰ معمول کی روٹین کے مطابق میں تقریباً دس بجےآفس پہنچا ہی تھا کہ قریباً ساڑھے دس گیارہ بجے کے قریب میرے کزن کی پاکستان سے میرے موبائل پر کال آئی۰ کزن کا نام فون پر دیکھتے ہی میں پریشان ہو گیا کہ کوئی گڑ بڑ ہے ورنہ یہ پاکستان سے کسی کا فون آنے کا وقت نہیں ہے۰ میرے کزن نے مجھے صرف اتنا بتایا کہ ابو جان کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے اور حالت اچھی نہیں ہے میں بار بار اس سے یہی پوچھتا رہا کہ مجھے سچ سچ بتاؤ کہ ابو جان ہیں یا نہیں اس وقت یہ حوصلہ ہی نہیں تھا کہ یہ پوچھ سکوں کہ ابو زندہ ہیں کہ نہیں لیکن میرا کزن جواب میں یہی کہتا رہا کہ جلدی سے پاکستان آجاو۰ بہرحال اس کے بعد کیسے گھر پہنچا، کیسے سارا دن گزرا، کیسے پاکستان کے لئے بکنگ ہوئی، کیسے ہم لوگ سترہ اٹھارہ گھنٹے کے سفر کے بعد پاکستان پہنچے یہ سب یاد تو ہے لیکن بیان کرنے کی ہمت آج بھی نہیں۰
ابو جان کو رخصت ہوئے آج سات برس ہو گئے ہیں لیکن آج بھی ایسا لگتا ہے کہ وہ کہیں آس پاس ہی موجود ہیں۰ ابو جان کےجانے سے ہماری زندگی میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہو سکتا۰ میں ذاتی طور پر ہر اہم موقع پر ابو جان کی کمی کو شدت سے محسوس کرتا ہوں کیونکہ کسی بھی پریشانی یا فیصلہ کے وقت ابو جان سے مشورہ کر لینے اور ان کی رائے جان لینے سے پریشانی کا حل بھی نکل آتا تھا اور درست فیصلہ کرنے کے قابل بھی ہو جاتے تھے۰
ابو جان کے اوصاف بیان کرنے کے لئے صفحات کے صفحات درکار ہوں گے اس چھوٹی سی تحریر میں ابو جان کی خوبیاں بیان کی ہی نہیں جا سکتیں۰ابو جان نہایت نرم دل، ہمدرد اور شفیق طبیعت کے انسان تھے اور ابو جان کی یہ ہمدرد اور شفیق طبیعت صرف اپنے عزیزواقارب تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ ہر ملنے والے اور اجنبی سے بھی ان کا رویہ نہایت ملنساری اور شفقت سے بھرپور ہوتا تھا۰ ایسا بھی ہوا کہ آفس جاتے ہوئے ایک دفعہ کسی لڑکے نے ابو جان سے لفٹ مانگی تو اسے گاڑی میں بٹھا لیا راستے میں گفتگو کے دوران معلوم ہوا کہ لڑکا بیروزگاری کی وجہ سے پریشان ہے تو اسے اپنے ساتھ آفس لے گئے اور نوکری پر لگوا دیا۰ ابوجان کی وفات کے بعد کتنے ہی ایسے لوگ مجھ سے ملے اور بتایا کہ کیسے اور کن کن موقعوں پر ابو جان نے چپکے سے انکی مدد کردی اور کیسے ہر مہینے پیسے ان کے گھر پہنچ جاتے تھے۰ جہاں تک ہو سکتا اگر کسی کی نوکری کا بندوبست کر سکتے تو ضرور کرتے تھے۰ آج بھی ان لوگوں میں سے کسی سے ملاقات ہو جائے تو ابو جان کا ذکر نہایت عقیدت سے کرتے ہیں کہ کیسے چوہدری صاحب نے ان کے لئے نوکری کا بندوبست کیا جس سے ان کے گھر کی دال روٹی عزت سے چلنے لگی۰
ابو جان پاکستان کی ایک بڑی انشورنس کمپنی میں چیف مینیجر کے عہدے سے 2004 میں ریٹائر ہوئے۰ ابو جان نے ساری زندگی نہایت ڈسپلن اور ایمانداری کے ساتھ کام کیا۰ میں نے کبھی ابو جان کو غیر ضروری طور پر آفس سے چھٹی کرتے نہیں دیکھا۰ ہمیشہ وقت پر آفس پہنچتے تھے۰ میرے ایک کزن نے یہ واقعہ مجھے سنایا کہ ایک دفعہ انہوں نے ابوجان سے پوچھا کہ کبھی ایسا ہوا ہو کہ آپ آفس دیر سے پہنچے ہوں تو ابوجان نے جواب دیا کہ ایک دفعہ دیر ہو گئی تو پھر اس دن میں آفس ہی نہیں گیا آدھے راستے سے ہی واپس گھر لوٹ آیا۰ ابو جان نے ہمیں بھی ہمیشہ ایمانداری کی ہی تلقین کی۰
ابو جان کی وفات کے بعد ابوجان کے ایک دیرینہ دوست ڈاکٹر ایس ایم یعقوب صاحب جو 1977 میں لاہور سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر ایم این اے بھی منتخب ہوئے تھے انہوں نے مجھے یہ واقعہ سنایا کہ الیکشن کے دنوں میں انہوں نے ابوجان کو الیکشن کے کسی کام کے سلسلے میں کچھ رقم دی۰ رات کو الیکشن مہم سے فارغ ہونے کے بعد گھر واپس آئے تو ابوجان نے پینتیس ہزار کی رقم نکال کر ڈاکٹر صاحب کو واپس دی اور کہا کہ آپ نے غلطی سے یہ پیسے مجھے زیادہ دے دئیے تھے۰ ڈاکٹر صاحب کہتے ہیں کہ میں تمہارے والد کا منہ دیکھنے لگا کہ کیا بات کر رہے ہو یہاں تو پتہ نہیں کون کتنے کتنے پیسے کھا گیا ہے اور تم مجھے اتنی بڑی رقم واپس کررہے ہو۰ 1977 میں پینتیس ہزار ایک بڑی رقم تھی لیکن ابوجان کی ایمانداری سے پھر بھی بڑی نہیں تھی۰
ابو جان کی سیاست اور حالات و واقعات پر بڑی گہری نظر ہوتی تھی۰ ملکی حالات اور سیاست پر ابوجان کا تبصرہ بہت نپا تلا اور برمحل ہوا کرتا تھا۰ مطالعہ کی بڑی پکی اور پرانی عادت تھی۰ ابو جان کی زیر مطالعہ رہنے والی کتابوں کا ایک ذخیرہ ہے جو پاکستان ہمارے گھر میں محفوظ ہے جس میں سیاست، مذہب اور تاریخ سمیت مختلف موضوعات پر مشتمل کتابیں شامل ہیں۰
ابو جان پروفیشنل طور پر تو فنانس کے شعبے سے تعلق رکھتے تھے لیکن اپنے شوق کی خاطر اپنے پروفیشن کے بالکل برعکس ہومیوپیتھک کی بھی باقاعدہ چار سالہ ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور کچھ عرصہ بڑی کامیاب پریکٹس بھی کی لیکن آفس کی مصروفیات کی وجہ سے اس کو جاری نہ رکھ سکے۰ اللہ تعالی نے ابو جان کے ہاتھ میں شفا بھی بہت رکھی تھی۰ بچوں کو تو ابو جان کی دوائیوں کا ایسا اثر ہوتا تھا کہ شائد ہی کبھی ابو جان کی ہومیوپیتھک دوا کے علاوہ کبھی کوئی دوائی استعمال کی ہو۰
ابو جان نہایت نفیس شخصیت کے مالک تھے۰ کپڑوں کی چوائس بہت اعلی تھی۰ سردیوں میں کبھی سوٹ اور ٹائی کے بغیر آفس جاتے نہیں دیکھا۰ گرمیوں میں زیادہ تر سفاری سوٹ پہنا کرتے تھے۰ گاڑی میں سیٹوں کے صاف ستھرے سفید کورز اور غزلوں کی بہترین کولیکشن ابو جان کی شخصیت کا ایک خاصہ تھی۰ ابو جان ایک زمانے میں پائپ پیا کرتے تھے جسے بعد میں چھوڑ دیا لیکن ہمارے گھر میں ابو جان کے سموکنگ پائپس کی اچھی خاصی کولیکشن جمع ہو گئی۰ ابو جان کی وفات سے دو ماہ پہلے جولائی 2014 میں ہم لوگ پاکستان گئے ہوئے تھے تو میری بیگم کو ابو جان کا ایک پرانا سموکنگ پائپ نظر آیا تو ابو جان سے کہنے لگی کہ یہ میں لے لوں تو ابو جان مذاق میں کہنے لگے، کیا میری نشانیاں جمع کر رہی ہو۰ کیا معلوم تھا کہ دو ماہ بعد ان کی یہ بات سچ ثابت ہو جائے گی۰
ابو جان آسٹریلیا بھی بہت شوق سے آیا کرتے تھے لیکن ڈیڑھ دو ماہ سے زیادہ کبھی یہاں قیام نہیں کیا۰ مستقل آسٹریلیا رہنے کا کبھی نہیں سوچا۰ کہتے تھے کہ اس عمر میں بھائیوں بہنوں سے دور نہیں رہ سکتا بس وزٹ کی حد تک ہی ٹھیک ہے۰ ہر روز شام کو بلا ناغہ ہمیں فون کرتے تھے اور میرے بیٹے اور اپنے پوتے شاویز احمد گورائیہ سے بات ضرور کرتے تھے۰ انکی یہ روٹین انکی وفات تک جاری رہی۰ وفات سے ایک روز پہلے بھی روٹین کے مطابق ابو جان کا فون آیا۰ میرے ساتھ بھی بات ہوئی، ان دنوں عمران خان کا دھرنا بھی چل رہا تھا تو میں نے پوچھا ابو جان کیا بنے گا اس دھرنے کا تو کہنے لگے چھوڑو یار اس موضوع کو اپنی بات کرتے ہیں۰ بس یہ آخری گفتگو تھی جو ابو جان سے ہوئی۰
والدین اللہ تعالی کی ایک عظیم نعمت ہوتے ہیں۰ دنیا کا کوئی بھی رشتہ والدین کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۰ والدین کی دعائیں اولاد کی تقدیر بدل دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۰ اللہ تعالی میری امی جان اور سب کے والدین کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور میرے ابو جان کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۰ آمین ثم آمین۰
وہ مجھے پیار سے روتے میں ہنسانے والا
جب یاد آتا ہے تو ہنستے میں رلا دیتا ہے
Twitter: @GorayaAftab
Dated: 11-09-2021