سِول بالادستی کی جنگ
سِول بالادستی کی جنگ
تحریر: آفتاب احمد گورائیہ
پاکستان کو معرضِ وجود میں آئے تہتر برس سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۰تہتر برس کِسی بھی ملک اور قوم کی سِمت متعین کرنےکے لیے بہت ہوتے ہیں۰ اتنا لمبا عرصہ قوموں کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے بھی بہت ہوتا ہے لیکن اتنا عرصہ گزرجانے کے باوجود ہم آج تک یہ ہی نہیں سمجھ سکے کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سِول بالادستی اور سِول حکومت کا قیام کتنا ضروری ہے۰ ان تہتر سالوں میں ہم چار مارشل لا بھگت چُکے ہیں جبکہ جمہوری ادوار میں بھی یا تو کٹھ پتلی حکومتوں کے ذریعےآمرانہ نظام ہی مسلط رہا اور اگر کبھی عوام کے بھرپور دباو پر جمہوری حکومتیں برسراقتدار آ بھی گئیں تو اِن کو چلنے نہیں دیا گیا اوراکثر و بیشتر ان حکومتوں کو آئینی مُدت پورا ہونے سے پہلے ہی رُخصت کر دیا گیا۰ اتنا عرصہ گزر جانے بعد بھی ہمارا سب سے بڑامسئلہ یہی ہے کہ کیا پاکستان میں بھی کبھی حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن ہو سکے گا؟ کیا ہم بھی کبھی سِول بالادستی پر مبنی حکومت دیکھ سکیں گے؟ کیا پاکستان میں بھی کبھی منصفانہ انتخابات ہو سکیں گے اور عوام کے حقیقی نمائیندے ایک حقیقی جمہوری حکومت تشکیل دے سکیں گے؟
بانیِ پاکستان کے ارشادات اور ویژن کی مطابق پاکستان کا نظامِ حکومت تشکیل دینے کی بجائے پاکستان میں غیر جمہوری اندازِحکومت مسلط کر دینے سے سِول بالادستی ایک خواب بن کر رہ گئی ہے۰ طاقتور اداروں کو حکومت کرنے کا ایسا چسکہ لگ چکا ہےکہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کا تصور بھی ناممکن ہو چکا ہے۰
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس اور اس میں کیے جانے والے فیصلوں کے مطابق بننے والےاپوزیشن کے اتحاد اور حکومت مخالف تحریک چلائے جانے کے فیصلے سے اُمید پیدا ہوئی ہے کہ شائد جمہوری اور آمرانہ قوتوں کےدرمیان ہونے والی یہ جنگ فیصلہ کُن ثابت ہو اور پاکستان میں ہمیشہ کے لیے سِول بالادستی قائم ہو جائے۰ اِس اُمید کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ پہلی دفعہ پنجاب سے بھی آمریت کے خلاف آواز اُٹھی ہے اور اس جنگ کا مرکز بھی پنجاب ہی ہو گا۰
سِول بالادستی کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے اپوزیشن ایک نمائیندہ اتحاد پیپلز ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سائے تلے متحد ہوچکی ہے، تحریک کا اعلان ہو چکا ہے، دسمبر تک جلسوں کا شیڈول دیا جا چُکا ہے، جنوری میں فیصلہ کُن لانگ مارچ کا اعلان ہو چُکا ہے، اجتماعی استعفوں کے بارے بھی کہا جا رہا ہے لیکن ابھی چائے کی پیالی اور ہونٹوں کے درمیان بہت سا فاصلہ موجود ہے۰سب سے پہلے تمام اتحادی جماعتوں کا تحریک کے مشترکہ مقصد پر متفق ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ حکومت کو گِرانے سے بھی زیادہ ضروری کام آمرانہ نظام کا مکمل خاتمہ ہے۰ حقیقی جمہوریت صرف ایک ہی صورت میں بحال ہو سکتی ہے جب نظام میں موجود ان چور دروازوں کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا جائے جہاں سے آمرانہ طاقتیں جمہوریت پر حملہ آور ہوتی ہیں۰
اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کی صفِ اوّل کی قیادت کے مابین ہم آہنگی اور باہمی اعتماد نظر آ رہا ہے لیکن دوسرے درجے کی قیادت اور کارکنوں کے درمیان اعتماد کا فقدان بھی واضح طور پر موجود ہے۰ اس کی مثال پہلے خواجہ آصف کا سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف غیر ضروری بیان اور اب ن لیگ سے ہمدردی رکھنے والے صحافیوں اور اینکرز جن میں نجم سیٹھی، طلعت حسین، جاوید چوہدری، مطیع اللہ جان، عمار مسعود اور کئی دوسرے صحافیوں کا مسلسل پروپیگنڈہ ہے جِس میں وہ میاں نواز شریف کو چی گویرا اور مریم نواز کو بینظیر بھٹو ثابت کرتے ہوئے مجوزہ تحریک کے سُرخیل اور آمریت کے خلاف واحد آواز قرار دیتے ہوئےایسے ظاہر کر رہے ہیں کہ جیسے صرف ن لیگ اور اس کی قیادت ہی اپوزیشن تحریک کی روحِ رواں ہے جبکہ دوسری اتحادی جماعتوں خاص طور پر پیپلزپارٹی کو مسلسل نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۰ خواجہ آصف اور ن لیگی مکتبہ فکر کےصحافیوں کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جس آمریت کے خلاف جنگ اور سِول بالادستی کی بات ن لیگ آج کررہی ہے، پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی اس نکتہ پر رکھی گئی ہے، اور اِس مقصد کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں میں لیڈرشپ اورکارکنان کی شہادتوں سے لیکر کارکنان اور ہمدردوں کو درپیش آنے والی بے شمار مشکلات شامل ہیں جبکہ ن لیگ کو آج کئی دہائیوں کے بعد یہ بات سمجھ آرہی ہے۰ ووٹ کو عزت دینے کی بات کرنے والے ن لیگی خود ایک لمبا عرصہ ووٹ کو بے عزت کرنےوالے نظام کا حصہ رہے ہیں۰ اگر اپوزیشن جماعتیں ایک مشترکہ قومی مقصد کے حصول لیے اکٹھی ہو ہی گئی ہیں تو اتحاد اوراتحادیوں کا احترام ملحوظ خاطر رہنا چاہیے۰
ابھی تک تو حُسنِ ظن یہی ہے کہ ن لیگ کی اِس یکطرفہ پالیسی سے میاں نواز شریف اور مریم نواز ہرگز متفق نہیں ہونگے اور یہ عناصر ن لیگ میں موجود کسی دوسرے گروپ سے ہدایات کے تحت اس حرکت کے مرتکب ہو رہے ہیں اور ان کا ایجنڈا اپوزیشن اتحاد میں دراڑیں ڈالنا اور خفیہ طاقتوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے سوا اور کچھ بھی نہیں۰ وجہ جو بھی ہو ن لیگ کے قائد میاں نوازشریف کی جانب سے اِن شرپسند عناصر کو فوری طور پر شٹ اپ کال دینے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے اپوزیشن اتحاد کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۰
اپوزیشن تحریک کا ابھی باقاعدہ آغاز بھی نہیں ہوا لیکن حکومت کی صفوں میں گھبراہٹ کے آثار نمایاں ہونے شروع بھی ہو گئےہیں۰ غداری کے مقدمے، نیب کے نوٹسسز اور اپوزیشن کی سرگرمیوں پر پابندیاں یہ سب اقدامات حکومت کی گھبراہٹ کو ظاہر کرتے ہیں۰ اپوزیشن تحریک سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر سیاسی شعور کی بھی نمایاں کمی نظر آتی ہے۰ غداری کے مقدموں جیسےانتہائی اقدامات سے اپوزیشن کا نقصان کم اور حکومت کا نقصان زیادہ ہو گا جبکہ فائدہ صرف اور صرف اپوزیشن کو ہو گا۰ درجن بھرحکومتی ترجمان جو ہر روز باری باری بلاناغہ پریس کانفرنس کرتے ہیں اور ہر روز ایک ہی جیسی باتیں اور وہی گھسے پٹے الزامات دہراتے ہیں اس سے بھی حکومت کی مخالفت میں ہی اضافہ ہی ہوتا ہے حمایت میں نہیں۰ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپوزیشن تحریک کو کچلنے کے لیے غیر جمہوری اور غیر سیاسی ہتھکنڈوں کا استعمال ایک ایسی حکومت کی طرف سے کیا جا رہا ہے جو کہ خود اپنےاپوزیشن کے دور میں احتجاجی سیاست کی ایک تاریخ رکھتی ہے۰
اپوزیشن کے جلسوں میں عوام کی بہت بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے جس کی ایک جھلک پیپلزپارٹی کی کراچی یکجہتی ریلی اور ن لیگ کے لاہور میں ہونے والے مظاہرے میں دیکھی جا سکتی ہے۰ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی جانب سے کارکنوں کو متحرک کرنےکے لیے ورکرز کنونشنز اور تنظیمی اجلاسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۰ پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپوزیشن تحریک کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے تفصیلی دورہ پر لاہور آ رہے ہیں۰ چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی لاہور آمد کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ جائے گی۰
گوجرانوالہ میں ہونے والا پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ عام نہ صرف تحریک کا نقطعہ آغاز ہو گا بلکہ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت تحریک کا رُخ بھی متعین کر دے گی۰ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اپنے اپنے طور پر جلسہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۰ دوسری طرف پنجاب حکومت اپوزیشن کارکنوں کو نیب اور پولیس کے ذریعے الجھانے میں مصروف نظر آتی ہے۰ اپوزیشن کے بینرز اور فلیکسسز کوکارپوریشن کے ذریعے اتروایا جا رہا ہے جبکہ دو سال سے نظرانداز تحریک انصاف کے ایم پی ایز پر وزیراعلی ہاؤس اور ترقیاتی فنڈز کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں۰ حکومت کے ان ہتھکنڈوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب حکومت کے گھبرانے کا وقت ہوچکا ہے،
حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جو صورتحال بنتی نظر آ رہی ہے اس کے پیشِ نظر یہ کہنا بالکل درُست ہو گا کہ پہلی دفعہ اپوزیشن اتحاد کی بدولت مقتدرہ بھی دفاعی پوزیشن پر جاتی نظر آ رہی ہے۰حکومت کی بوکھلاہٹ سے یہ بھی ظاہر ہو رہا ہے کہ پہلےدن سے کمزور بنیادوں پر قائم حکومت اب گھبرا چُکی ہے اور کِسی کو این آر او نہ دینے کا دعوی کرنے والی حکومت بہت جلد اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شروع کر دے گی لیکن شائد اِس کے لیے بہت دیر ہو چُکی ہے اور اب فیصلہ سڑکوں پر ہی ہو گا۰
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت سے مختلف الخیال اپوزیشن جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے جِس تحریک کی بنیاد رکھی ہے اس کے نتیجے میں نہ صرف نااہل حکومت سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ آمرانہ قوتوں سے بھی ہمیشہ کے لئے چھٹکارہ پا کر ملک کو حقیقی جمہوریت کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۰ اگر اتحادی جماعتیں اپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکہ قومی مقصد کے لیے یکسُو رہیں تو جمہوری انقلاب برپا ہو سکتا ہے لیکن اگر کِسی ایک جماعت کو سولو فلائیٹ یا تحریک کا کریڈٹ اکیلے اکیلے سمیٹنے کا شوق چرایا تو سِول بالادستی کی طرف پیشرفت کا یہ نادر موقعہ بھی ہاتھ سے نکل جائے گا۰ اگر کسی اتحادی جماعت کے رویہ کی وجہ سے تحریک کو نقصان پہنچتا ہے تو اس سے ملکی سلامتی، قومی یکجہتی اور بقا کو جو نقصان ہو گا نہ تو اس کا مداوہ ممکن ہو سکے گا اور نہ تاریخ ہی سِول بالادستی کی اِس اہم ترین جنگ میں ناکامی پر معاف کرے گی۰
Twitter: @GorayaAftab
Dated: 10-10-2020