پیپلزیوتھ آرگنائزیشن -
ذمہ داریاں اور کردار
پیپلزیوتھ آرگنائزیشن -
ذمہ داریاں اور کردار
تحریر: آفتاب احمد گورائیہ
نوجوان کسی بھی تنظیم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور کسی بھی جماعت یا تنظیم کی کامیابی کے لئے اس کے نوجوانوں کا فعال ہونا نہایت ضروری ہے۰ اس لیے پیپلز یوتھ ونگ پر بڑی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۰ عام طور پر مشاہدے میں یہ بات آتی ہے کہ یوتھ ونگز کو ان کی صلاحیت کے مطابق یا تو استعمال نہیں کیا جاتا یا مدَر ونگ کے ساتھ چھوٹے موٹے اختلافات کےباعث اپنا کردار پوری طرح ادا نہیں کر پاتے جس کا اثر پارٹی کی مجموعی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۰ طلبہ تنظیموں پر پابندی کے باعث چونکہ طلبہ سیاست جمود کا شکار ہے اس لیے پیپلز یوتھ ونگ پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے تاکہ پارٹی کا پیغام نوجوان نسل تک پہنچ سکے۰
پیپلزپارٹی کو قائم ہوئے پچاس سال سے اوپر ہو چکے ہیں اور بہت سارے جیالے کارکن جو پہلے ادوار میں پارٹی کے لئے کام کرتےرہے یا تو بوڑھے ہو چکے یا اللہ کو پیارے ہو چکے۰ پارٹی میں شامل بہت سارے نوجوان یا تو وہ ہیں جو سیاسی طور پر باشعور ہونےاور سیاست کے اتار چڑھاؤ کو سمجھنے کی وجہ سے پارٹی کے ساتھ ہیں یا نسل در نسل پارٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۰ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے خون کو پارٹی میں شامل کیا جائے۰ پاکستان میں ووٹ ڈالنے کی عمر اٹھارہ سال ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اٹھارہ سال کے نوجوان نے صوبہ سندھ سے باہر نہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو دیکھا اور نہ شہید قائدین کو۰ پارٹی کی قیادت بھی اس وقت چونکہ نوجوان چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ میں ہے اس لئے پیپلز یوتھ ونگ کے اراکین کو چاہئیے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیت اور طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوان چیرمین کا پیغام پورے ملک کے نوجوانوں تک پہنچائیں۰ پیپلز یوتھ ونگ کو چاہئیے کہ ایسا جامع پروگرام مرتب کریں کہ پارٹی اور چیرمین کا پیغام ملک کے کونے کونے میں موجود نوجوانوں تک پہنچ سکے اور نوجوان پارٹی پروگرام اور کامیابیوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۰ مخالفین کے پھیلائے پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کے لیے ہر نوجوان تک پہنچیں اور پارٹی کی ملک و قوم کے لیے سرانجام دی گئی خدمات سے ان کو آگاہ کریں۰
ضرورت اس امر کی ہے کہ سب سے پہلے پیپلز یوتھ ونگ کی تنظیم کو مضبوط کیا جائے، محنتی اور کام کرنے والے اراکین کو عہدےدئیے جائیں، خانہ پُری نہ کی جائے، ہر عہدے کے لیے قابل، باصلاحیت اور پارٹی کو وقت دینے والے رکن کا انتخاب کیا جائے۰میٹنگز باقاعدگی کے ساتھ کی جائیں جن میں پچھلی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے۰ جو بھی نئے فیصلے کئے جائیں یا ذمہ داریاں سونپی جائیں ان کے لئے ٹائم فریم کا تعین بھی ساتھ ہی کردیا جائے تاکہ کوئی بھی کام غیر معینہ مدت کے لئے نہ چھوڑا جائے اور اس کام کا ہونا یقینی بنایا جا سکے۰ جنرل سیکرٹری کسی بھی تنظیم کے لئے بہت اہم عہدیدار ہوتا ہے اس لئےجنرل سیکرٹری کے لیے کسی بہت ہی فعال رکن کا انتخاب جائے جو نہ صرف تنظیمی معاملات کو اچھے طریقے سے سمجھتا ہو بلکہ صدر کے لیے ایک اچھا معاون بھی بن سکے۰ تنظیم کی سرگرمیوں کا ریکارڈ رکھ سکے اور دوسرے عہدیداروں کو تفویض کی گئی ذمہ داریوں کو مانیٹر بھی کرسکے۰ اسی طرح سیکرٹری اطلاعات کو بھی بہت فعال ہونا چاہئیے تاکہ نہ صرف یوتھ ونگ کی سرگرمیوں کو ہر قسم کےمیڈیا پر مناسب جگہ مل سکے بلکہ جماعت کے خلاف ہونے والے زہریلے پروپیگنڈے کا جواب بھی دیا جا سکے۰ اپنی جماعت کےموقف، سرگرمیوں اور کامیابیوں کو مناسب انداز میں میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے اطلاعات کے شعبے کا فعال ہونا نہایت ضروری ہے۰
پیپلز یوتھ ونگ کو موثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پیپلز یوتھ ونگ کی رکنیت سازی جائے، زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو یوتھ ونگ کا رکن بنایا جائے اور ان کا پورا ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ رابطے میں آسانی رہے۰ عام طور پر دیکھنے میں آیا ہے کہ یوتھ ونگ اگر کوئی مظاہرہ کرے تو سو پچاس سے تعداد بڑھ نہیں پاتی اور یہ بھی زیادہ تر عہدیدار ہی ہوتے ہیں۰ عام نوجوان یا پارٹی سے ہمدردی رکھنےوالے نوجوان ان میں اتنی بڑی تعداد میں نظر نہیں آتے۰ پارٹی کے ساتھ وابستہ نوجوانوں کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ ضرورت ان نوجوانوں سے رابطہ کرنے کی ہے جن کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں یا ایسے نوجوان جو پروپیگنڈے کا شکار ہو کر پارٹی سے دور ہیں۰ ایسے نوجوانوں کو پارٹی پروگراموں میں مدعو کرکے پارٹی کا پیغام پہنچایا جانا چاہیے تاکہ منفی پروپیگنڈے کااثر زائل کیا جا سکے اور نیا خون پارٹی میں شامل کیا جا سکے۰ اگر یوتھ ونگ کی تنظیم نوجوانوں کے ساتھ اپنے رابطے کو مضبوط بنائے تو شارٹ نوٹس پر بھی نوجوانوں کی قابل ذکر تعداد جمع ہو سکتی ہے۰ موٹر سائیکل رکھنے والے نوجوانوں کا بھی ڈیٹا بیس مرتب کیا جانا چاہئیے تاکہ ریلیوں وغیرہ کے لیے بھی جب ضرورت پڑے تو رابطے میں آسانی رہے اور یوتھ ونگ کی نمائیندگی سینکڑوں سے نکل کرہزاروں میں پہنچ سکے۰
پیپلز یوتھ ونگ کے زیراہتمام ضلعی اور تحصیل کی سطح پر تربیتی ورکشاپس اور یوتھ کنونشنز کا انعقاد کیا جانا چاہیے جس میں یوتھ ونگ کے سابقہ عہدیدار جنہوں نے بی بی شہید کے ساتھ کام کیا ہو ان کو مدعو کیا جائے تاکہ وہ اپنے تجربات سے یوتھ ونگ کے اراکین کو آگاہ کریں اور یوتھ ونگ کے نوجوان اپنے سنئیرز کے تجربے سے مستفید ہو سکیں۰ صوبائی سطح کے یوتھ کنونشنز میں پارٹی چیرمین کومدعو کیا جانا چاہیے تاکہ پارٹی چیرمین براہ راست نوجوانوں سے مخاطب ہو سکیں۰ اس طرح کے پروگرامز کی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں خاص طور پر بہت زیادہ ضرورت ہے کیونکہ ان دو صوبوں کے نوجوان نام نہاد تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۰ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن پنجاب کے نوجوان نے پنجاب میں کبھی پارٹی کی حکومت دیکھی ہی نہیں اس لئے پنجاب کےنوجوانوں کے ساتھ چیرمین کا براہ راست رابطہ بہت ضروری ہے۰ اس کے لئے پیپلزیوتھ ونگ کو جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۰ پیپلزیوتھ ونگ کو اپنا ایک مربوط پروگرام بنا کر قیادت کو بھیجنا چاہیے تاکہ قیادت نہ صرف اس کی منظوری دے سکے بلکہ ان پروگراموں میں شرکت کے لیے چیرمین کی دستیابی سے بھی آگاہ کرسکے۰
پیپلز یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بہت سی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف نوجوانوں کے ساتھ رابطہ مضبوط ہو گا بلکہ صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۰ ان سرگرمیوں میں کرکٹ ٹورنامنٹ اور دوسری کھیلوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جانا بھی ہو سکتا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائی جائے، چیریٹی واک کا اہتمام کیا جا سکتا ہے جس سے اکٹھےہونے والے فنڈز کو ایدھی فاونڈیشن یا اس طرح کے دوسرے اداروں کو عطیہ کیا جا سکتا ہے۰ اس طرح کے ایوینٹس کے انعقاد کی ذمہ داریاں مختلف نوجوانوں کو دے کر زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اپنے ساتھ انگیج کیا جا سکتا ہے۰ ایسے پروگراموں میں پارٹی عہدیداروں کو بھی دعوت دی جائے اس سے پارٹی بھی موبلائز ہو گی، نوجوانوں سے رابطہ بھی مضبوط ہو گا اور صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۰
پیپلز یوتھ ونگ کا کردار جلسے جلوس کی حد تک ہی محدود نہیں ہونا چاہئیے، یوتھ ونگ کا سب سے اہم کام نوجوان نسل کی رہنمائی کرنا ہے تاکہ آئیندہ کوئی نام نہاد تبدیلی کا دعویدار نوجوان نسل کو گمراہ نہ کر سکے۰ اس لیے یوتھ ونگ کو روایتی سیاسی سرگرمیوں باہر نکل کر بھی نوجوانوں کی رہنمائی کا فریضہ ادا کرنا چاہئیے کیونکہ یہی نوجوان ہیں جنہوں نے آنے والے کل میں ملک اور سیاست کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اس لیے نوجوانوں میں نہ صرف سیاسی شعور بیدار کرنا ضروری ہے بلکہ اچھے اخلاقی اقدار کی تربیت بھی ضروری ہے۰ نوجوانوں کی اچھی تربیت اور اصلاح سے ہی معاشرے کی اصلاح ممکن ہو سکتی ہے۰ اس عظیم مقصد کی تکمیل کے لیے یوتھ ونگ کو اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنے ساتھ شامل کرکے ان کے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئیے۰
پیپلز یوتھ ونگ کے ساتھ ساتھ مدَر پارٹی پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ یوتھ ونگ کی اہمیت کا ادراک کیا جائے اور یوتھ ونگ کو زیادہ سے زیادہ رہنمائی اور سپورٹ فراہم کی جائے تاکہ یوتھ ونگ موثر طریقے سے نوجوانوں کے ساتھ رابطے کا اہم ترین کام سرانجام دے سکے۰ پیپلزیوتھ ونگ کے اراکین کو سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور صوبائی کونسلوں میں بھی نمائیندگی دی جانی چاہئیے تاکہ نوجوانوں کی آواز براہ راست اعلی قیادت تک پہنچ سکے، یوتھ ونگ کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے اوریوتھ ونگ کے اراکین اپنی پوریصلاحیت کے ساتھ نوجوانوں کی قیادت کا فریضہ انجام دے سکیں۰ پیپلز یوتھ ونگ کا مضبوط اور فعال ہونا پارٹی کی بھی مضبوطی کاباعث بنے گا اور ایک فعال یوتھ ونگ ہی صحیح معنوں میں پارٹی اور چیرمین کا بازو بن سکتا ہے۰
Twitter: @GorayaAftab