مستقبل سکول سے شروع ہوتا ہے

Post date: Feb 13, 2016 10:43:53 AM

اسکول کی تعلیم اور آپکا مستقبل مڈل اور سیکنڈری اسکول میں آپ کو مستقبل کی عملی زندگی__ یعنی ’’کام کی دنیا‘‘ کے لیے تیاری شروع کر دینی چاہیے۔ اسکول میں تعلیم کے دوران آپ جو کچھ سیکھ رہے ہوتے ہیں اس سے آپ میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ اب آپ کو یہ فیصلہ کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے کہ اپنی خوبیوں، شوق، دلچسپی اور تعلیم کی بنیاد پر آپ مستقبل میں کیا بنیں گے؟ کون سا روزگار اختیار کریں گے جو آپ کی آمدنی کا ذریعہ بھی بنے ، شوق کی تکمیل بھی ہوتی رہے اور آپ ترقی بھی کرتے رہیں۔ اس مرحلے پر آپ کو والدین، خاندان کے دوسرے بزرگوں اور اپنے دوستوں کے والدین یا کیریر کونسلر سے مشورہ کرنا چاہیے اور مدد لینی چاہیے، تاکہ آپ اپنے لیے ایسے پیشے یا پیشوں کے گروپ کا انتخاب کرسکیں جو آپ کی صلاحیت، تعلیمی قابلیت اور شوق و دلچسپی کے مطابق ہو

ایسے چند کاموں (پیشوں) کی فہرست بنا لیں جو آپ کو اچھے لگتے ہیں اور آپ سمجھتے ہیں کہ آپ یہ کام کرسکتے ہیں۔ ان پیشوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔

اس کا طریقہ یہ ہے کہ جو لوگ وہ کام کرتے ہیں ان سے سوالات پوچھیں کہ:

(الف) یہ کام کیا ہے؟

(ب) اس کے لیے کیسی تعلیم حاصل کرنی چاہیے؟

(ج) کن حالات میں کس طرح کے کام کرنے ہوتے ہیں؟

(د) اس پیشے کو اپنانے کے لیے انسان میں کیا خوبیاں، صلاحیتیں اور تعلیمی قابلیت ہونی چاہیے؟

(ہ) تنخواہیں، معاوضے کیا ہیں؟

(و) مستقبل میں اس پیشہ کی ترقی اور اس میں آگے بڑھنے کے کیا مواقع ہیں؟