Early Education & Career Selection (اسکول کی تعلیم کا دور)

Post date: Jan 14, 2017 1:06:00 PM

امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پڑھائی کی اچھی عادتیں اپنائی جائیں۔ مطالعے اور پڑھنے کی اچھی عادتیں پروان چڑھ جائیں تو وہ زندگی بھر کام آتی ہیں اور آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہیں۔ پڑھنے لکھنے کا عمل اسکول میں ختم نہیں ہوجاتا، یہ کالج یونیورسٹی اور اس سے آگے پیشہ ورانہ زندگی میں بھی جاری رہتا ہے۔

اسکول سے ملنے والا گھر کا کام یا ہوم ورک اکثر بچوں کو بوجھ لگتا ہے، لیکن ہوم ورک مکمل کرنا، بطور طالب علم آپ کے کام یا فرض کا حصہ ہے۔ ہوم ورک کرتے ہوئے آپ کو پڑھنے اور سیکھنے کا ایسا موقع ملتا ہے جس میں کوئی آپ کی نگرانی نہیں کرتا، یعنی ٹیچر موجود نہیں ہوتا۔

آٹھویں جماعت سے آپ کو یہ جستجو شروع کر دینی چاہیے کہ کون سے کام آپ کو اچھے اور دلچسپ لگتے ہیں۔ گھر میں والد ، والدہ ، ملازمت یا کاروبار کرنے والے بڑے بھائی، بہنوں کے کام، قریبی رشتے داروں، دوستوں کے والدین کے پیشے، کون سے کام آپ کو آسان نظر آتے ہیں اور آپ کو شوق ہوتا ہے کہ میں بھی یہی کام کروں۔ تعلیم اور عمر کے اس دور سے آپ پیشہ ورانہ کاموں کے بارے میں جتنا زیادہ جاننے کی کوشش کریں گے، آگے کی تعلیم میں اپنی پسند، صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق مضامین منتخب کرنے اور آگے چل کر عملی زندگی میں اپنی پسند کا کام (کیریر) منتخب کرنے میں آپ کو اتنی آسانی ہوگی۔