شعبہ اُردو: ایک تعارف
گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کا شعبہ اردو تاریخی حیثیت کا حامل ہے۔اردو کی تدریس بطور اختیاری مضمون آغازہی سے جاری تھی۔جب حکومت پاکستان نے اردوکولازمی مضمون کی حیثیت سے رائج کیا تو باقاعدہ شعبے کی بنیادرکھی گئی،پروفیسرڈاکٹرالف۔د۔نسیم شعبے کے پہلے سربراہ مقررہوئے۔انہیں قیام پاکستان کے بعد زبان و ادب میں ڈاکٹریٹ میں اولیت کا شرف حاصل ہے۔ ڈاکٹرالف۔د۔نسیم کی ملازمت سے سبک دوشی کے بعد بالترتیب پروفیسرمیاں محمدمرغوب،پروفیسر ایم اشرف،پروفیسر میاں خلیل الرحمٰن، پروفیسر قاسم سلیم،پروفیسریحیٰی شاہداور پروفیسرودود طارق نوید شعبہ اردو کے سربراہ رہے۔ان دنوں معروف شاعر اور ادیب ڈاکٹرمحمدافتخارشفیع کی صدارت میں شعبہ اردو اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انٹرمیڈیٹ کی سطح پر آغازہی سے اردو لازمی اوراردواختیاری کی تدریس جاری ہے۔ہمارے کالج میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے تحت1997ء میں ایم۔اے اردو کےپروگرام کی منظوری دی گئی،چندسال بعد کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
دودہائیوں سے ایم۔اے اردو کا پروگرام کامیابی سے جاری وساری ہے۔ سربراہ ادارہ کی خصوصی کاوشوں سے سال 2020ء سے بی۔ایس۔اردو(چارسالہ پروگرام)کی کلاسز کا آغاز ہو چکا ہے
شعبے کے اغراض ومقاصد:
اقوام متحدہ کے ایک سروے کے مطابق اردو دنیا کی دوسری بڑی زبان ہے۔ برصغیرپاک وہند میں مسلمانوں کے سات سو سالہ اقتدار کے دور رس ثمرات سامنے آئے،جن میں سرفہرست پاکستان اور اردوزبان وادب ہیں۔قائداعظم محمدعلی جناح کے فرمان کی روشنی میں ہمارے کالج کے شعبہ اردو کے مقاصدمیں اردو زبان کی تدریس کے ذریعے تعلیم وتعلم کا مثالی ماحول قائم کرناہے۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کے شعبہ اردو نے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔اس شعبے سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات سرکاری اور نجی اداروں میں مصروف کارہیں۔شعبہ اردو کے اغراض ومقاصددرج ذیل ہیں:
۱۔ کالج میں طلبہ وطالبات کے لیے بہترین تعلیمی ماحول پیدا کرنا،تاکہ وہ اپنے مضمون کے ساتھ ایک روحانی وابستگی محسوس کریں۔
۲۔مختلف مواقع پر اردو کانفرنسوں،مشاعروں اور سیمینارز کا انعقاد کرنا، تاکہ عملی طور پر طلبہ وطالبات کااپنے مضمون کے ساتھ رشتہ قائم ہو۔
۳۔سربراہ ادارہ کی خصوصی دل چسپی سے کالج کا ادبی مجلہ”ساہیوال“اور کالج کا خبرنامہ”کالج گزٹ“کے نام سے شائع ہوتاہے۔ان رسائل میں اردو زبان وادب کا اہم حصہ شامل ہوتاہے،اس سے کالج کے طلبہ وطالبات بالعموم اور اردو زبان وادب کے طلبہ وطالبات بالخصوص علم کشیدکرتے ہیں۔